ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانپور: نمازِ جمعہ کے بعد اقلیتی طبقہ اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تصادم

کانپور: نمازِ جمعہ کے بعد اقلیتی طبقہ اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تصادم

Fri, 03 Jun 2022 21:59:55    S.O. News Service

کانپور،3؍جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) اتر پردیش کے ضلع کانپور میں اقلیتی طبقہ اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تصادم کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ لوگوں نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا جس سے حالات کشیدہ ہو گئے۔ اس پتھراؤ میں دو لوگوں کے زخمی ہونے کی خبریں مل رہی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ کانپور میں پریڈ چوراہے کے پاس آج نمازِ جمعہ کے بعد بازار بند کرنے نکلے اقلیتی طبقہ کے لوگوں نے پتھراؤ کر دیا۔ پولیس نے انھیں روکنے کی کوشش کی، لیکن وہ مشتعل ہو گئے۔

دراصل یہاں بازار بند کرنے کے معاملے پر دو فریق آمنے سامنے آ گئے۔ دونوں فریقین کے درمیان پتھراؤ شروع ہو گیا اور جب پولیس بچاؤ کے لیے پہنچی تو اسے بھی پتھراؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ بازار بند بی جے پی کی شعلہ بیان لیڈر نوپور شرما کے متنازعہ بیان کی مخالفت میں مسلم تنظیموں کی اپیل پر کیا جا رہا تھا۔ لیکن بازار بند کرانے کی کوشش میں دو گروپوں میں پُرتشدد تصادم ہو گیا جس میں دو افراد زخمی ہو گئے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق سینکڑوں افراد نے پتھراؤ کرنا شروع کر دیا تھا جس کے بعد پولیس کو لاٹھی چارج کرنی پڑی۔ کئی راؤنڈ ہوائی فائرنگ بھی کی گئی تاکہ حالات کو قابو میں کیا جا سکے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق حالات کشیدہ لیکن قابو میں ہے۔ علاقے میں کثیر تعداد میں پولیس کی تعیناتی ہوئی ہے۔


Share: